امارات سمیت خطے کے کسی ملک کے ساتھ ہماری کوئی دشمنی نہیں:ایرانی وزارت خارجہ

امارات سمیت خطے کے کسی ملک کے ساتھ ہماری کوئی دشمنی نہیں:ایرانی وزارت خارجہ

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات سمیت خطے کے کسی بھی ملک کے ساتھ ایران کی کوئی دشمنی نہیں۔

پریس کانفرنس میں اسماعیل بقائی نے بتایا کہ پاکستان کی ثالثی کے ذریعے بات چیت کا عمل جاری ہے اور حالیہ ایرانی تجاویز پر ایران اور امریکا دونوں اپنے اپنے مؤقف اور کمنٹس دے چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکا کے ساتھ مذاکرات میں ایران کے بنیادی مطالبات میں منجمد ایرانی فنڈز کی بحالی اور پابندیوں کا خاتمہ شامل ہے۔ ان کے مطابق ایران اپنے حقوق کے حصول کے لیے دباؤ یا دھمکیوں کے سامنے نہیں جھکے گا۔اسماعیل بقائی نے مزید کہا کہ ایران دشمن کو جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، تاہم اس وقت ملک کی ترجیح جنگ کا خاتمہ اور کشیدگی میں کمی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایرانی اور عمانی تکنیکی ٹیموں نے گزشتہ ہفتے عمان میں ملاقات کی، جس میں آبنائے ہرمز میں محفوظ بحری آمد و رفت کے طریقہ کار پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ آبنائے ہرمز سے متعلق میکانزم پر ایران، عمان اور دیگر متعلقہ فریقین کے ساتھ مسلسل رابطے جاری ہیں تاکہ خطے میں بحری سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔