سعودی وزارت خارجہ کی خطے میں کشیدگی کم کرنے کی درخواست، پاکستان کی ثالثی کوششوں کو سراہا

سعودی وزارت خارجہ کی خطے میں کشیدگی کم کرنے کی درخواست، پاکستان کی ثالثی کوششوں کو سراہا

سعودی عرب نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقین کو صبر و تحمل سے کام لینے اور حالات کو مزید بگاڑنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔  
سعودی عرب کے وزارت خارجہ کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ موجودہ صورتحال نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی امن و استحکام کے لیے بھی خطرہ بن سکتی ہے، لہٰذا فوری طور پر تناؤ کم کرنے کی ضرورت ہے۔  سعودی عرب نے اس موقع پر پاکستان کی جانب سے جاری سفارتی کوششوں اور ثالثی کردار کو سراہتے ہوئے اس کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے تاکہ کشیدگی کا سیاسی حل تلاش کیا جا سکے اور خطہ مزید بحران سے بچ سکے۔  
بیان میں آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی بحالی کو بھی انتہائی اہم قرار دیا گیا کیونکہ اس راستے کی بندش عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کو متاثر کر سکتی ہے۔  دوسری جانب، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے متحدہ عرب امارات کو نشانہ بنانے والے حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور یو اے ای کی سلامتی اور استحکام کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔  
انہوں نے محمد بن زید النہیان سے ٹیلیفونک رابطہ بھی کیا، جس میں خطے کی حالیہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔