کانز فلم فیسٹیول نے اپنی ریڈ کارپٹ پالیسی میں اہم تبدیلیاں کی ہیں، جن میں مکمل برہنگی اور غیر معمولی طور پر پُرآرائش یا بڑے سائز کے ملبوسات پر پابندی لگائی گئی ہے۔
فیسٹیول انتظامیہ کے مطابق، یہ اقدام 2022 میں ایک مظاہرہ کرنے والی خاتون کے ٹاپ لیس ہونے اور حالیہ گرامی ایوارڈز میں بیانکا سنسوری کے عریاں لباس پہننے جیسے واقعات کے بعد کیا گیا ہے۔فیسٹیول کے حکام نے وضاحت کی کہ ان ہدایات کا مقصد لباس پر مکمل پابندی نہیں بلکہ فرانسیسی قوانین کے مطابق برہنگی کو روکنا ہے۔ اس کے علاوہ، فیسٹیول نے اعلان کیا ہے کہ ایسے افراد کو ریڈ کارپٹ پر داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی جن کے لباس بہت زیادہ پھولے ہوئے یا بڑے ہوں، جو دوسرے مہمانوں کی آمدورفت میں رکاوٹ ڈالیں یا سنیما ہال میں بیٹھنے کی سہولت کو متاثر کریں۔
کانز فیسٹیول کی جانب سے لباس کے حوالے سے سخت ضوابط پر پچھلے برسوں میں تنقید کی گئی تھی، خاص طور پر خواتین کے لیے ہائی ہیلز کی لازمی شرط پر۔ حالیہ برسوں میں کم ہیل والے سینڈلز پہننے کی اجازت دے دی گئی ہے، تاہم اسنیکرز اب بھی ممنوع ہیں۔