190 ملین پاؤنڈ کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ہائیکورٹ میں سماعت کے دوران عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے اپیلوں پر دلائل دینے کے لیے دی گئی “آخری مہلت” کے عدالتی حکم پر اعتراض اٹھا دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عدالت میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ کیس کے حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے آخری مہلت دینے کا حکم سخت، غیر جواز اور غیر منصفانہ ہے۔ وکیل نے کہا کہ دفاع کو مناسب موقع نہ دینا انصاف کے اصولوں کے منافی ہے۔بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ شریٰ بی بی کی جانب سے دو متفرق درخواستیں بھی دائر کی گئیں، جن میں جیل میں ملاقات نہ کرانے اور وکالت ناموں پر دستخط نہ کروانے کے خلاف عدالت سے رجوع کیا گیا ہے۔درخواستوں میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ جیل حکام غیر قانونی طور پر ملاقاتوں کی اجازت نہیں دے رہے، جس کی وجہ سے قانونی ٹیم کو ہدایات لینے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ مزید کہا گیا کہ اپیل دائر کرنے کے لیے ضروری وکالت ناموں پر دستخط بھی نہیں کروائے جا رہے۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ جیل حکام کو حکم دیا جائے کہ وہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ملاقاتیں قانونی ٹیم سے کرائیں اور وکالت ناموں پر دستخط کروا کر فراہم کریں۔وکیل کے مطابق 30 اپریل 2025 کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنا قانونی حق ہے، جبکہ جیل ملاقات نہ کروانے سے اس حق پر اثر پڑ رہا ہے۔ عدالت سے مزید استدعا کی گئی ہے کہ کیس میں مناسب کارروائی اور انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں۔