ویب ڈیسک:احتساب عدالت نے بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کی سماعت کے دوران دونوں ملزمان کو پیر تک عدالت میں جواب داخل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
یہ کیس احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا کی زیر صدارت اڈیالہ جیل میں سماعت کے دوران پیش آیا۔ سماعت میں ملزمان کی جانب سے آج بھی 342 کے سوال ناموں پر جواب داخل نہیں کیا گیا، جس پر عدالت نے دونوں کو پیر تک جواب داخل کرنے کی مہلت دی۔دورانِ سماعت وکلائے صفائی نے عدالت میں تحریری درخواست پیش کی کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے زبانی طور پر کہا تھا کہ درخواست بریت کی سماعت سے قبل عدالت کوئی کارروائی نہیں کرے گی۔ نیب کے وکلا نے جواب میں کہا کہ ہائی کورٹ میں دلائل دینے والے وکلا کے دستخط موجود نہیں ہیں، اور وکلائے صفائی نے تحریری درخواست دی ہے اس لیے اس پر کوئی اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔
احتساب عدالت نے نیب کے اعتراضات کے باوجود کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کر دی۔ عمران خان کو آج عدالت میں پیش کیا گیا، تاہم بشریٰ بی بی کی طبی بنیادوں پر ایک روزہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی گئی، جس کے بعد وہ آج عدالت میں پیش نہ ہو سکیں۔یہ کیس عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز کے مالیاتی سکینڈل کے حوالے سے ہے، جس میں ان پر مبینہ طور پر غیر قانونی اثاثے بنانے اور ان سے متعلقہ تحقیقات کی جا رہی ہیں۔