لینڈ یوز نظام میں بڑی اصلاحات، اہم ترامیم کا فیصلہ

لینڈ یوز پلان کے قواعد 2020 میں اہم ترامیم کی تیاری شروع کر دی گئی
لاہور(خصوصی رپورٹ)پنجاب حکومت نے شہری ترقی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے زمین کے استعمال لینڈ یوزکے نظام میں بڑی اصلاحات کا فیصلہ کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق اس مقصد کے تحت لینڈ یوز پلان کے قواعد 2020 میں اہم ترامیم کی تیاری شروع کر دی گئی ہے تاکہ زمین کے استعمال کو زیادہ موثر، شفاف اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جا سکے۔حکام کے مطابق ان اصلاحات پر عملدر آمد کی ذمہ داری لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے سیکرٹری کو سونپی گئی ہے، جو نئے قواعد کو حتمی شکل دینے اور ان کے نفاذ کو یقینی بنائیں گے۔مجوزہ ترامیم کا بنیادی مقصد لینڈ کلاسی فکیشن اور ری کلاسی فکیشن کے نظام کو شفاف بنانا ہے تاکہ زمین کے استعمال، ری ڈویلپمنٹ اور ترقیاتی منصوبوں میں غیر ضروری رکاوٹیں دور کی جا سکیں۔ اس کے ساتھ ساتھ جدید اربن پلاننگ کے اصولوں کو اپناتے ہوئے شہری انفراسٹرکچر اور اربن مینجمنٹ کو بہتر بنانے پر بھی زور دیا جا رہا ہے۔حکومتی ذرائع کے مطابق نئے قواعد کے نفاذ سے غیر منظم تعمیرات اور بے ہنگم اربنائزیشن پر قابو پانے میں مدد ملے گی جبکہ سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں کیلئے ایک واضح اور آسان طریقہ کار متعارف کرایا جائے گا۔ اس اقدام سے شہری علاقوں میں پائیدار ترقی کو فروغ ملنے اور ٹا ئون پلاننگ کے نظام کو موثر بنانے کی توقع ہے۔