آمدن بڑھانے کیلئے لینڈ یوز تبدیلی کامنصوبہ تاخیرکاشکار

گجر پورہ اور جوہر ٹا ئون کے متعدد پلاٹس کو کمرشل میں بدلنے کا اعلان ہواتھا
لاہور (خصوصی رپورٹ)لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی آمدن بڑھانے کے لیے شروع کیا گیا لینڈ یوز تبدیلی کا منصوبہ تاخیر کا شکار ہو گیا ہے۔ایل ڈی اے نے گجر پورہ اور جوہر ٹا ئون کے متعدد پلاٹس کو رہائشی سے کمرشل میں تبدیل کرنے کا اعلان کیا تھا،تاہم کئی ماہ گزرنے کے باوجود منصوبے پر کوئی عملی پیش رفت نہ ہو سکی۔ ذرائع کے مطابق تجاوزات کے خلاف واگزار کرائی گئی اراضی کو قابلِ استعمال بنانے کا پلان فائلوں میں دب گیا۔گجر پورہ میں 125 پلاٹس کے لینڈ یوز کی تبدیلی کا منصوبہ بھی عملی شکل اختیار نہ کر سکا،جبکہ جھگیوں سے واگزار کرائے گئے پلاٹس پر پارکنگ ایریا اور ساڑھے چھ مرلے کے کمرشل پلاٹس بنانے کی تجویز پر بھی کوئی کام نہیں ہو پایا۔سبزہ زار میں واگزار کرائی گئی 87 کنال اراضی بھی غیر استعمال شدہ پڑی ہے،جہاں تین آٹھ کنال، تین تین کنال اور پانچ پبلک یوٹیلیٹی سائٹس بنانے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔اسی طرح جوہر ٹا ئون اور پی آئی اے روڈ پر زمین کے حصوں کے لینڈ یوز میں تبدیلی کے منصوبے بھی تاخیر کا شکار ہیں۔