جنوبی وزیرستان: وانا بازار میں بم دھماکا، 3 افراد شہید، 3 زخمی

جنوبی وزیرستان: وانا بازار میں بم دھماکا، 3 افراد شہید، 3 زخمی

جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا بازار میں بم دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جس میں تین افراد شہید اور تین زخمی ہو گئے۔

 پولیس کے مطابق واقعہ ایک آئی ای ڈی (Improvise Explosive Device) دھماکہ تھا، جسے سیکیورٹی حکام دہشت گردی کا واقعہ قرار دے رہے ہیں۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ وانا بازار میں اس وقت ہوا جب لوگ معمول کی سرگرمیوں میں مصروف تھے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کی زد میں آ کر ملک طارق، جو احمد زئی قبیلے کے چیف بتائے جاتے ہیں، موقع پر ہی شہید ہو گئے، جبکہ دو دیگر افراد بھی جان کی بازی ہار گئے۔دھماکے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیمیں اور سیکیورٹی فورسز موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو قریبی طبی مرکز منتقل کیا گیا، جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد دی جا رہی ہے۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

واقعے کے بعد پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے تاکہ حملے میں ملوث عناصر تک پہنچا جا سکے۔ سیکیورٹی ادارے دھماکے کی نوعیت، ممکنہ ہدف اور ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لیے شواہد اکٹھے کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ جنوبی وزیرستان اور خیبرپختونخوا کے قبائلی اضلاع میں حالیہ مہینوں کے دوران سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں ایسے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جس پر سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مسلسل آپریشنز جاری ہیں۔