جنوبی وزیرستان کے علاقے کڑیکوٹ بازار میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے دو افراد جاں بحق جبکہ ایک راہگیر زخمی ہو گیا ہے، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
تفصیلات کے مطابق واقعہ کڑیکوٹ بازار میں پیش آیا جہاں فائرنگ کے نتیجے میں ملک جمیل وزیر کے دو بیٹے، معین الدین اور نوید، موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔پولیس اور سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فائرنگ اچانک اور نشانہ بنا کر کی گئی، تاہم حملہ آور واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ڈی پی او جنوبی وزیرستان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فائرنگ کے دوران ایک راہگیر سید انور ولد گلاپ خان بھی زخمی ہوا ہے، جسے فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اسے طبی امداد دی جا رہی ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش بھی جاری ہے۔حکام کے مطابق ابتدائی طور پر واقعہ ٹارگٹ کلنگ معلوم ہوتا ہے، تاہم حتمی نتیجے تک پہنچنے کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔