تامل فلم انڈسٹری کے سینئر اور معروف پروڈیوسر کے راجن نے چنئی میں آدیار دریا میں چھلانگ لگا کر مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔
رپورٹس کے مطابق 85 سالہ کے راجن آدیار پل عبور کر رہے تھے کہ انہوں نے اپنے ڈرائیور سے گاڑی روکنے کو کہا۔ گاڑی سے اترنے کے بعد وہ اچانک دریا میں کود گئے۔ واقعے کے فوری بعد ڈرائیور نے ریسکیو اداروں کو اطلاع دی جس پر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔بعد ازاں ریسکیو حکام نے ان کی لاش دریا سے برآمد کی اور پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کے راجن نے 1980 کی دہائی کے اوائل میں تامل فلم انڈسٹری میں بطور پروڈیوسر اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ وہ فلمیں بنانے کے ساتھ ساتھ کچھ فلموں کی ہدایت کاری بھی کر چکے تھے اور فلم ڈسٹری بیوٹرز کی ایک ایسوسی ایشن کے صدر بھی رہ چکے تھے۔ان کی موت کی خبر سامنے آنے کے بعد تامل فلم انڈسٹری میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔