پاکستان فلم انڈسٹری کے معتبر پروڈیوسر و ڈسٹری بیوٹر چودھری کامران اعجاز انتقال کر گئے ہیں۔
مرحوم کچھ عرصہ قبل برین ہیمبرج کا شکار ہوئے تھے اور ان کا علاج جاری تھا، مگر بدقسمتی سے وہ جانبر نہ ہو سکے۔چودھری کامران اعجاز پاکستان فلم انڈسٹری کی ایک بااثر اور معروف شخصیت تھے۔ انہوں نے متعدد کامیاب فلموں کی پروڈکشن اور ڈسٹری بیوشن کی، جن میں "سلطنت" اور "بھائی لوگ" جیسی فلمیں خاص طور پر معروف ہیں۔ وہ پاکستان فلم کی مختلف تنظیموں کے صدر کے طور پر بھی خدمات انجام دیتے رہے اور فلمی دنیا میں ان کے کردار کو انتہائی قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔
ان کے اس افسوسناک انتقال پر فلم انڈسٹری سے وابستہ فنکاروں، ہدایتکاروں اور پروڈیوسرز نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہیں پاکستان کے سینما کے لیے ایک ناقابلِ فراموش شخصیت قرار دیا جا رہا ہے، جنہوں نے اپنے خلوص اور محنت سے فلم انڈسٹری میں نمایاں مقام حاصل کیا۔