پاک افغان سرحد کے قریب پاک فوج نے افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کی جانب سے دراندازی کی کوشش کو بروقت کارروائی کے ذریعے ناکام بنا دیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان کے مواز کلے سرحدی علاقے میں افغان طالبان دراندازی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، لیکن پاک فوج کی مؤثر کارروائی نے انہیں ناکام کر دیا۔کارروائی کے دوران متعدد افغان طالبان ہلاک ہوئے جبکہ کچھ دیگر اپنے ٹھکانوں کو چھوڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔ پاک فوج نے افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے کمپاؤنڈز اور ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنا کر مکمل تباہ کر دیا۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں آپریشن "غضب للحق" کے تحت کی جا رہی ہیں اور اہداف کے حصول تک جاری رہیں گی۔ پاک فوج کی بروقت اور منظم کارروائی نے سرحدی تحفظ کو یقینی بنایا اور علاقے میں امن و استحکام قائم رکھنے میں مدد فراہم کی۔