لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے نئے تعینات چینی قونصل جنرل سن یان نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاک-چین دوستی، سٹریٹجک تعاون، اقتصادی اور ثقافتی تبادلوں کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا۔وزیراعلیٰ نے نئے قونصل جنرل کو لاہور میں تعیناتی پر مبارکباد دی اور دورہ چین کی دعوت قبول کی۔ انہوں نے پاک-چین تعلقات کو فقیدالمثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین نے دفاعی تعاون اور دیگر ممالک کے ساتھ کشیدگی کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ملاقات میں تجارت، انفراسٹرکچر، توانائی اور آئی ٹی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے چینی قونصل جنرل کی سفارتی مہارت کو سراہا اور کہا کہ پنجاب چینی شراکت داروں کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔
چینی قونصل جنرل سن یان نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دیرینہ دوستی کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور دونوں ممالک کی مشترکہ خوشحالی کے لیے تعاون جاری رہے گا۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے پاک-چین تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور مشترکہ ترقی کے لیے کام کرنے کا عزم ظاہر کیا۔