پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے جنگلات کی حفاظت اور قبضہ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ جنگلات کی اراضی پر قبضہ یا درختوں کی غیر قانونی کٹائی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
کارروائیوں کی تفصیل
مریم اورنگزیب نے بتایا کہ مختلف اضلاع میں جنگلات کی زمینوں کو قابضین سے واگزار کرانے کے لیے موثر اقدامات کیے گئے ہیں۔
مری میں کارروائی: رات کے اندھیرے میں کائل کی قیمتی لکڑی قبضے میں لی گئی اور 4 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
ڈیرہ غازی خان: رکھ بیٹ دیوان میں 70 ایکڑ اراضی واگزار کروا لی گئی۔
مظفرگڑھ: خانانی فارسٹ میں 15 ایکڑ زمین قابضین سے خالی کرائی گئی۔
رکھ شکارپور: 3 ہزار ایکڑ سے زائد جنگلات کی زمین قابضین سے واگزار کی گئی۔
اسمگلنگ کے خلاف کامیاب کارروائیاں
محکمہ جنگلات نارتھ فارسٹ ڈویژن نے کشمیر سے پنجاب اسمگل کی جانے والی چیڑ کی قیمتی لکڑی پکڑی۔ملتان فارسٹ ڈویژن نے چوری شدہ لکڑی برآمد کی اور 4 افراد کو گرفتار کر کے مقدمات درج کروائے۔
حفاظتی اقدامات
وزیر نے بتایا کہ ہر ضلع میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو جنگلات کی زمینوں کو قابضین سے آزاد کرانے اور درختوں کی غیر قانونی کٹائی روکنے کے لیے کام کریں گی۔ انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ جنگلات کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے تاکہ ماحولیاتی توازن برقرار رکھا جا سکے۔