وزیراعلیٰ مریم نواز کا بڑا فیصلہ: پنجاب میں درختوں کی نیلامی اور جنگلات کی کٹائی پر فوری پابندی

وزیراعلیٰ مریم نواز کا بڑا فیصلہ: پنجاب میں درختوں کی نیلامی اور جنگلات کی کٹائی پر فوری پابندی

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے جنگلات کے تحفظ کے لیے تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے درختوں کی نیلامی کی آڑ میں جاری کٹائی کا دھندہ بند کر دیا ہے۔

 اس ضمن میں پنجاب بھر میں جنگلات کی کٹائی اور لکڑی کی نیلامی پر فوری اور مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار جنگل کی لکڑی کی نیلامی کے روایتی نظام کو ختم کرنے کا بڑا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ اس عمل کو جدید ٹیکنالوجی اور میپنگ کے ذریعے نئے اور شفاف قواعد و ضوابط کے مطابق آگے بڑھایا جائے گا۔اس سلسلے میں باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ حکومتی حکم نامے کے مطابق تاحکمِ ثانی ہر قسم کی لکڑی کی نیلامی پر پابندی عائد رہے گی۔

وزیراعلیٰ کے فیصلے کو ماہرینِ ماحولیات اور جنگلات کے تحفظ کے علمبرداروں کی جانب سے بھرپور سراہا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ اقدام نہ صرف جنگلات کے تحفظ میں مددگار ثابت ہوگا بلکہ زمین کو کٹاؤ سے محفوظ بنانے اور ماحولیاتی توازن قائم رکھنے کے لیے بھی اہم پیش رفت ہے۔اس موقع پر وزیراعلیٰ نے محکمہ جنگلات کے ڈائریکٹر جنرل کو ہدایت کی ہے کہ حکم نامے پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں کسی بھی قسم کی خلاف ورزی نہ ہو۔