فوڈ اتھارٹی کا چھاپہ، ملاوٹی کھویا بنانے پریونٹ مالک گرفتار

 پاکپتن(خصوصی رپورٹ)ڈپٹی کمشنر آصف رضا کی ہدایات پر ضلع بھر میں ملاوٹ مافیا کے خلاف کارروائیاں تیزی سے جاری ، پنجاب فوڈ اتھارٹی پاکپتن کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے موضع کالے پٹھان عارفوالا میں واقع گلشیر کھویا یونٹ پر کارروائی کرتے ہوئے کھویا کی تیاری میں ملاوٹ ثابت ہونے پر مالک کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا جبکہ کارروائی کے دوران ملزم کو گرفتار بھی کر لیا گیا۔ فوڈ سیفٹی ٹیم نے موقع پر موجود خام مال اور تیاری کے عمل کا معائنہ کیا جس میں غیر معیاری اور ملاوٹ شدہ اجزاء￿  کے استعمال کے شواہد سامنے آئے جس پر فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ڈپٹی کمشنر آصف رضا نے اس موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ شہریوں کو صحت بخش اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ متحرک ہے اور انسانی صحت سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملاوٹ مافیا کے خلاف سخت اور بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔