اومان، بحرین، دبئی اور تل ابیب کے لیے پروازیں 31 مئی تک عارضی منسوخ
لندن(آئی این پی )امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ سے پیدا ہونے والے تنازع کے بعد برٹش ایئرویز نے مشرق وسطی کے کچھ روٹس جون تک منسوخ کر دئیے ۔ بی بی سی رپورٹ کے مطابق اومان، بحرین، دبئی اور تل ابیب کے لیے پروازیں 31 مئی تک عارضی طور پر منسوخ کی گئی ہیں جبکہ دوحہ کے لیے پروازوں کی معطلی 30 اپریل تک جاری رہے گی۔برٹش ایئرویز کے ترجمان نے کہا ہے کہ مشرق وسطی میں صورتحال کی مسلسل غیر یقینی اور فضائی حدود میں عدم استحکام کے پیشِ نظر یہ فیصلہ کیا گیا۔انھوں نے مزید کہا کہ ہم صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں اور متاثرہ مسافروں سے براہِ راست رابطے میں ہیں تاکہ انھیں مختلف متبادل فراہم کیے جا سکیں۔جن مسافروں نے منسوخ شدہ مقامات کے لیے ٹکٹیں خریدی ہیں، ان کے پاس کسی اور ایئرلائن سے دوبارہ بکنگ کروانے، سفر کی تاریخ تبدیل کرنے، یا مکمل رقم واپس لینے کا اختیار موجود ہے۔سعودی عرب میں ریاض اور جدہ کے لیے برٹش ایئرویز کی پروازیں معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔