سپریم کورٹ، 6 سالہ بچی کے اغوا، قتل کیس میں مجرم کی موت کی سزا برقرار

اسلام آباد(آئی این پی )سپریم کورٹ آف پاکستان نے فیصل آباد میں 6 سالہ فضا نور کے اغوا، زیادتی اور قتل کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔عدالت عظمی نے مجرم عبدالرزاق کی سزائے موت برقرار رکھتے ہوئے اپیل خارج کر دی، جبکہ ٹرائل کورٹ اور لاہور ہائیکورٹ کے فیصلوں کو بھی برقرار رکھا گیا۔فیصلہ جسٹس اشتیاق ابراہیم نے 13 صفحات پر مشتمل تحریری صورت میں جاری کیا، سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ ڈی این اے ٹیسٹ ملزم کی شناخت کے لیے گولڈ سٹینڈرڈ حیثیت رکھتا ہے۔عدالت کے مطابق کم سن بچی کے ساتھ درندگی اور قتل جیسے سنگین جرم میں کسی قسم کی نرمی معاشرے کے لیے خطرہ ہے، جبکہ سزائے موت کا مقصد معاشرے میں عبرت قائم کرنا ہے تاکہ ایسے جرائم کی روک تھام ممکن ہو سکے