عالمی معاشی صورتحال، ایران میں جاری جنگ اور حکومت کے کفایت شعاری اقدامات کے پیشِ نظر 23 مارچ کی پریڈ منسوخ کی گئی‘تمام تقریبات سادگی سے منائی جائیں گی
اسلام آباد (ان لائن) عالمی معاشی صورتحال، ایران میں جاری جنگ اور حکومت کے کفایت شعاری اقدامات کے پیشِ نظر 23 مارچ کو یومِ پاکستان کے موقع پر ہونے والی مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ ملتوی کر دی گئی ہے۔حکومتی ذرائع کے مطابق اس سال پریڈ محدود پیمانے پر ایوانِ صدر میں منعقد ہونا تھی، جس کی ریہرسل بھی جاری تھی۔ تاہم ایران، اسرائیل اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کے باعث خطے میں پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال اور مالی دباؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں یومِ پاکستان کی تمام تقریبات سادگی سے منائی جائیں گی۔ اس موقع پر روایتی جوش و خروش کے بجائے محدود اور باوقار تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا، تاکہ قومی دن کی اہمیت برقرار رکھتے ہوئے کفایت شعاری پالیسی پر بھی عمل کیا جا سکے۔حکام کے مطابق یہ اقدام موجودہ حالات میں ذمہ دارانہ حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کا مقصد قومی وسائل کا محتاط استعمال اور بدلتی علاقائی صورتحال کے مطابق فیصلے کرنا ہے۔