اسلام آباد:جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں پی ٹی آئی کے نہ آنے پر مایوسی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ارکان اگر مشورہ کرتے تو میں انہیں اجلاس میں شرکت کی ترغیب دیتا۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ وہ 1988 سے ملک کے ساتھ وفاداری کا حلف اٹھا رہے ہیں اور ان کا ایمان ہمیشہ پاکستان کی سلامتی اور ترقی پر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ "ملک ہے تو سب کچھ ہے" اور اپنے استاد کو شہید کہنے کی بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ اپنے استاد کو شہید ہی کہیں گے۔ اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ "میرے استاد کو مارنے والا مجاہد نہیں ہو سکتا، دونوں باتیں ایک ساتھ درست نہیں ہو سکتیں"۔مولانا فضل الرحمان نے پی ٹی آئی کی جانب سے اجلاس میں شرکت نہ کرنے پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سلامتی پر کوئی سیاست نہیں کی جانی چاہیے اور ہر سیاسی جماعت کو اس مقصد کے لیے متحد ہو کر کام کرنا چاہیے۔