اولمپیئن ارشد ندیم کے کوچ، فیاض بخاری، حکومت کے سامنے اپنی خدمات کا اعتراف اور انعام کے حوالے سے میدان میں آگئے ہیں۔
انہوں نے ارشد ندیم کے ساتھ اپنی کوچنگ کی تفصیلات تحریر کرتے ہوئے حکومت سے درخواست کی ہے کہ ان کی خدمات کا مناسب اعتراف کیا جائے۔ فیاض بخاری نے اپنے خط میں ارشد ندیم کی کامیابی میں اپنے کردار کی وضاحت بھی کی۔فیاض بخاری نے شکوہ کیا کہ حکومتی سطح پر ان کی خدمات کا اعتراف نہیں کیا گیا، اور اس بات کا مطالبہ کیا کہ ان کا نام سول ایوارڈ کے لیے زیر غور لایا جائے۔ انہوں نے اپنے خط میں مزید لکھا کہ وہ اس وقت بھی جیولن تھرو کوچ کے طور پر خدمات فراہم کر رہے ہیں اور ارشد ندیم کے بعد یاسر سلطان کو بھی عالمی مقابلوں کے لیے تیار کیا ہے۔
فیاض بخاری نے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی پاکستان ایتھلیٹکس کی فلاح کے لیے وقف کر رکھی ہے، اور اس دوران ارشد ندیم اور پاکستان ایتھلیٹکس کی کامیابیوں میں ان کا اہم کردار ہے۔ فیاض بخاری نے وزیر کھیل، ڈی جی پی ایس بی اور سیکرٹری سپورٹس کو یہ خط ارسال کر دیا ہے تاکہ ان کی خدمات کو حکومت کے سامنے تسلیم کیا جائے۔