پیرس اولمپکس کے گولڈ میڈلسٹ جویلین تھرو ایونٹ اسٹار ارشد ندیم نے ورلڈ اتھلیٹکس چیمپئن شپ کی تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے۔
ارشد ندیم کا اگلا ہدف جاپان میں ہونے والی ورلڈ اتھلیٹکس چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتنا ہے، جو ستمبر میں شیڈول ہے۔لاہور کے پنجاب اسٹیڈیم میں اپنی ٹریننگ شروع کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا کہ اولمپک گیمز میں اللہ نے بہت عزت دی اور پوری قوم نے حوصلہ افزائی کی، جس پر وہ اللہ کا شکر گزار ہیں۔ تاہم، انہوں نے کہا کہ ابھی سفر ختم نہیں ہوا اور ان کی خواہش ہے کہ ورلڈ اتھلیٹکس چیمپئن شپ میں پاکستانی پرچم بلند ہو۔
ارشد ندیم نے کہا کہ ایونٹ میں ابھی کافی وقت ہے، اس لیے وہ اپنی فٹنس کو بہتر بنانے پر توجہ دے رہے ہیں اور جانتے ہیں کہ مقابلہ سخت ہوگا، لہٰذا مزید محنت کی ضرورت ہے۔
ارشد ندیم کے کوچ سلمان بٹ نے کہا کہ روڈ ٹو جاپان پلان کے تحت شروع کی گئی ٹریننگ ان کی پرفارمنس کو مزید بہتر بنانے میں مدد دے گی۔ اس کے علاوہ، ڈائمنڈ لیگز اور دیگر ایونٹس میں بھی حصہ لینا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پیرس گیمز میں ریکارڈ تھرو کے باوجود کچھ چیزوں میں مزید بہتری کی ضرورت ہے، اور کوشش ہوگی کہ جاپان میں مزید دور تھرو کیا جا سکے۔