ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں ارشد ندیم کی ناقص کارکردگی کے معاملے پر ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کو کوچ سلمان بٹ نے تفصیلی جواب جمع کرا دیا۔
فیڈریشن نے سلمان بٹ سے ارشد ندیم کی کارکردگی پر وضاحت طلب کی تھی، تاہم سلمان بٹ نے ارشد ندیم کے مستقبل یا ڈائمنڈ لیگ میں شرکت نہ کرنے سے متعلق کوئی واضح مؤقف پیش نہیں کیا۔اپنے جواب میں سلمان بٹ نے بتایا کہ ارشد ندیم کی ہائی پرفارمنس ٹریننگ کے دوران معروف کوچ ٹریسیس لیبن برگ سے رابطے میں رہے، اور انہیں 2021 میں ارشد ندیم کا کوچ اور مینٹور مقرر کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ 2022 سے 2025 تک ارشد ندیم کی کارکردگی میں اتار چڑھاؤ آیا کیونکہ "کوئی بھی ایتھلیٹ مسلسل ایک ہی فارم برقرار نہیں رکھ سکتا"۔سلمان بٹ نے اعتراف کیا کہ پیرس اولمپکس کے بعد سے ایتھلیٹکس فیڈریشن سے رابطہ نہیں ہوا۔ ان کے مطابق، فیڈریشن نے ایک سال سے خود کو ارشد ندیم کی سرگرمیوں سے الگ کر رکھا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ "جب تک ارشد ندیم چاہیں گے، میں ان کی کوچنگ جاری رکھوں گا۔ ارشد نے 2025 سیزن کے لیے 10 دسمبر سے ٹریننگ شروع کی تھی۔"سلمان بٹ نے بتایا کہ ٹوکیو کا موسم گرم اور حبس زدہ تھا اور ٹریک سخت تھا، جس کے باعث ارشد ندیم کی پنڈلی میں درد پیدا ہوا اور وہ ورلڈ ایتھلیٹکس فائنل میں بہتر کارکردگی نہیں دکھا سکے۔