سابق وزیراعظم آزاد کشمیر کی عبوری ضمانت میں توسیع ،شاہ محمود ،یاسمین راشد و دیگر کیخلاف گواہوں کے بیانات قلمبند
اسلام آباد،لاہور (خصوصی رپورٹ) انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کی عدالت نے جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیسزمیں طلبی کے باوجود مسلسل عدم حاضری پر مراد سعید، حماد اظہر اور فرخ حبیب کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے غیر حاضر ملزموں واثق قیوم عباسی، راجہ بشارت سمیت متعدد غیر حاضر ملزموں کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ، عدالت نے دستیاب ملزمان کی حاضری کے بعددونوں کیسز پر مزید سماعت 7 اپریل تک ملتوی کردی۔پی ٹی آئی رہنمائوں کیخلاف تھانہ رمنا میں 2 مقدمات درج ہیں۔ادھر انسدادِدہشتگردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی عدالت نے26 نومبر احتجاج پر درج مقدمات میں سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔عدالت نے کہاکہ تمام ملزموں کی درخواستوں کو یکجا کرکے فیصلہ کروں گا، دوسری طرف انسداد دہشتگردی عدالت میں پی ٹی آئی ایم پی اے علی شاہ کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواستوں پرپولیس ریکارڈ پیش نہ ہونے پر جج نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔عدالت نیکہاکہ ڈی آئی جی، ایس ایس پی آپریشن، ایس ایس پی انویسٹی گیش آدھے گھنٹے میں پیش ہوں،اگر آدھے گھنٹے میں افسران عدالت میں موجود نہ ہوئے تو کیس کا فیصلہ کروں گا، ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے کہاکہ میں پولیس کیجانب سے ایسا رویہ بالکل برداشت نہیں کر سکتا۔دوبارہ سماعت شروع ہونے پر ایس پی خالد اعوان عدالت میں پیش ہوئے اور استدعا کی کہ صبح تک کا ٹائم دیا جائے ،آئی او اس وقت منڈی بہائوالدین میں ہیں، عدالت میں ریکارڈ جمع کروا دیں گے۔لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے شاہ محمود قریشی ،ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت دیگر کے خلاف نو مئی کے پانچ کیسز میں گواہوں کے بیانات قلمبند کرتے ہوئے مزید گواہ طلب کرلیے۔اے ٹی سی عدالت کے جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں کیسز کی سماعت کی ۔ دوران سماعت یاسمین راشد ،عمر سرفراز چیمہ ،شاہ محمود قریشی ،محمود الرشید سمیت دیگر کو پیش کیا گیا۔عدالت نے عسکری ٹاور جلائو گھیرائو کے مقدمے میں ایک گواہ کا بیان قلمبند کرلیا۔تھانہ شادمان جلائو گھیرائو کے مقدمے میں تین گواہوں کے بیانات ریکارڈ ہوئے ، عدالت نے کارروائی کرتے ہوئے سماعت 20 مارچ تک ملتوی کردی عدالت نے مزید گواہوں کو طلب کرلیا