وکی کوشل کی فلم "چھاوا" باکس آفس پر کامیاب، باہوبلی کا ریکارڈ توڑ دیا

وکی کوشل کی فلم

بھارتی معروف اداکار وکی کوشل کی فلم چھاوا نے باکس آفس پر شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔

یہ تاریخی ڈرامہ فلم ناصرف بھارت بلکہ پاکستان میں بھی ناظرین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ فلم نے اپنی ریلیز کے 18ویں دن 8.25 کروڑ روپے کا بزنس کیا، جس کے بعد اس کی مجموعی کمائی 467 کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہے۔ اس کامیابی کے ساتھ چھاوا بھارت کی 11ویں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن چکی ہے۔وکی کوشل کی اس فلم نے ایس ایس راجہ مولی کی 2015ء کی مشہور فلم باہوبلی کا ریکارڈ توڑ دیا، جس نے اپنی ریلیز کے وقت 421 کروڑ روپے کمائے تھے۔

فلم کی کامیابی پر وکی کوشل نے انسٹاگرام پر ایک جذباتی ویڈیو شیئر کی، جس میں شائقین کے ردِعمل کو دکھایا گیا ہے۔ ایک خاص منظر میں، ایک بچہ تھیٹر میں جذباتی ہو کر روتا نظر آیا اور اس نے اپنے سینے پر ہاتھ رکھ کر چھترپتی سمبھاجی مہاراج کا نام بلند کیا، جس سے فلم کی اثر انگیزی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔یہ فلم ایک مشہور مراٹھی ناول پر مبنی ہے، جس میں وکی کوشل نے بہادر مرہٹہ حکمراں چھترپتی سمبھاجی مہاراج کا کردار ادا کیا ہے، جبکہ رشمیکا منڈانا نے ان کی اہلیہ مہارانی یسوبائی کا کردار نبھایا ہے۔