محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ شمالی اضلاع میں سرد موسم کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
لاہور میں سورج کی کرنوں کے ساتھ ٹھنڈی ہوائیں چلنے کی وجہ سے موسم خوشگوار ہے، تاہم محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے بارش کا کوئی امکان ظاہر نہیں کیا ہے۔لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ شہر میں ایئر کوالٹی انڈیکس 175 ریکارڈ کیا گیا، جس کے باعث لاہور آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے۔ اڈا پلاٹ 210، فیز 8 ڈی ایچ اے میں ایئر کوالٹی انڈیکس کی شرح 198 ریکارڈ کی گئی، عسکری ٹین 195 اور سید مراتب علی روڈ پر ایئر کوالٹی کی شرح 191 ریکارڈ کی گئی۔دوسری جانب، محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ شمالی اضلاع میں سرد موسم کی توقع ہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک رہے گا، لیکن مری، گلیات اور گردونواح میں سرد اور خشک موسم کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے، تاہم بعد از دوپہر پنجگور، تربت، خاران، لسبیلہ اور گردونواح میں چند مقامات پر گرج چمک اور ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔