لکی مروت تھانہ گمبیلا پر10سے 15 مسلح افراد کی حملے کی کوشش، پولیس کی جوابی کارروائی سے حملہ پسپا کردیا گیا
خیبرپختونخوا میں تھانوں اور چوکیوں پرحملہ کرنے والا دہشت گرد کمانڈر کاشف شکر خیل ہلاک‘ ایک پولیس اہلکار شہید
پشاور(آئی این پی )خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کی جانب سے کیے گئے تین حملے پولیس کی بروقت کارروائی سے ناکام بنا دئیے گئے،دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ جنوبی وزیرستان کے دونوں اضلاع میں کرفیو نافذ کردیا گیا ۔تفصیل کے مطابق لکی مروت کے تھانہ گمبیلا پر دہشت گردوں نے 10 سے 15 مسلح افراد کے ساتھ حملہ کرنے کی کوشش کی، تاہم پولیس کی جوابی کارروائی سے حملہ پسپا کردیا گیا۔ڈی پی او لکی مروت جواد اسحاق کے مطابق، پولیس نے بڑے حملے کو بروقت کارروائی کے ذریعے ناکام بنا دیا اور حملہ آور بھاری ہتھیاروں کی مدد سے فرار ہوگئے۔دھر پشاور میں بھی پولیس چوکی ملازئی پر دہشت گردوں نے دستی بم سے حملہ کیا، جبکہ خیبر پولیس چوکی بائی پاس روڈ پر دہشت گردوں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو اہلکار زخمی ہوگئے۔پولیس کی جوابی کارروائی میں حملہ آور زخمی حالت میں فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ دوسری جانب جنوبی وزیرستان کے دونوں اضلاع میں کرفیو نافذ کر دیا گیا۔گزشتہ روز ضلع جنوبی وزیر ستان اپر، ضلع جنوبی وزیر ستان لوئر اور ٹانک کے ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے کرفیو کے نوٹیفکیشنز جاری کئے گئے تھے۔نوٹیفکیشن کے مطابق صبح 6 سے شام 6 بجے تک تمام راستے بند رہیں گے، زالئی تا نیو کیڈٹ کالج وانا سڑک بند رہے گی، تنائی، سرواکئی، جنڈولہ کاور قلعہ روڈ بند رہے گا، احمد وام سے کوٹکئی تک راستے بند رہیں گے۔جاری نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ بی بی رغزئی سے جنڈولہ تک سڑک بند رہے گی، ان راستوں پر ہر قسم کی نقل وحرکت پر مکمل پابندی عائد ہے،دریں اثناء خیبرپختونخوا میں تھانوں اور چوکیوں پرحملہ کرنے والے دہشت گرد کمانڈر کاشف شکر خیل کو جہنم واصل کردیا گیا جبکہ ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔