وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف کچھ دیر بعد سوئٹزرلینڈ کے لیے روانہ ہوں گے، جہاں وہ اہم بین الاقوامی سفارتی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اس دورے میں نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار، وزیرِ داخلہ محسن نقوی اور وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ ہوں گے۔روانگی سے قبل وزیرِ اعظم کی جانب سے مختصر ویڈیو بیان جاری کیے جانے کا بھی امکان ہے، جس میں وہ دورے کے مقاصد اور سفارتی سرگرمیوں پر روشنی ڈالیں گے۔ذرائع کے مطابق کل سوئٹزرلینڈ کے شہر برجن اسٹاک (Bürgenstock) میں امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر باضابطہ دستخط متوقع ہیں۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم شہباز شریف امریکی اور ایرانی اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
ادھر سوئس وزارتِ خارجہ کے مطابق امریکا اور ایران کے نمائندے پاکستان، قطر اور دیگر متعلقہ ممالک کے اعلیٰ حکام کے ساتھ جمعے کے روز برجن اسٹاک میں ملاقات کریں گے۔ اجلاس کو خطے میں کشیدگی میں کمی اور سفارتی پیش رفت کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔