آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کے ایک دلچسپ مقابلے میں جنوبی افریقہ کی خواتین کرکٹ ٹیم نے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کو 2 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کر لی۔
برمنگھم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنائے۔ پاکستانی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور مڈل آرڈر سمیت بیشتر بیٹرز جنوبی افریقی بولنگ کے سامنے زیادہ دیر مزاحمت نہ کر سکیں۔تاہم کپتان فاطمہ ثنا نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 38 گیندوں پر 55 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں 6 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ ان کے علاوہ طوبیٰ حسن نے 23 رنز بنا کر اسکور کو سہارا دیا، لیکن مجموعی طور پر پاکستانی بیٹنگ لائن وقفے وقفے سے دباؤ میں رہی اور 4 کھلاڑی رن آؤٹ ہو گئیں۔127 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا نے محتاط آغاز کیا، تاہم پاکستانی بولرز نے شاندار واپسی کرتے ہوئے میچ کو آخری اوورز تک انتہائی دلچسپ بنا دیا۔ ایک موقع پر جنوبی افریقا 107 رنز پر 6 وکٹیں گنوا چکی تھی اور میچ پاکستان کے حق میں جاتا دکھائی دے رہا تھا۔
لیکن آخری لمحات میں انیری ڈرکسین نے 52 رنز اور نادین ڈی کلرک نے 37 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی۔ جنوبی افریقا نے ہدف 17ویں اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔پاکستان کی جانب سے بولنگ میں فاطمہ ثنا نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ سعدیہ اقبال اور طوبیٰ حسن نے 2، 2 وکٹیں لیں۔یہ پاکستان کی ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری شکست ہے۔ اس سے قبل قومی ٹیم کو اپنے پہلے میچ میں روایتی حریف بھارت کے خلاف بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔پاکستان اپنا اگلا میچ ہفتے کو بنگلہ دیش خواتین کرکٹ ٹیم کے خلاف کھیلے گا، جہاں ٹیم کے لیے کم بیک انتہائی اہم ہوگا۔