جوہانسبرگ: جنوبی افریقا نے جوہانسبرگ ٹیسٹ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلادیش کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔
اسپنر سائمن ہارمر کی تباہ کن بولنگ نے میزبان ٹیم کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ٹیسٹ میچ کے پانچویں روز بنگلادیشی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 168 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ کھیل کے آغاز پر مہمان ٹیم نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 100 رنز بنائے تھے، تاہم جنوبی افریقی بولرز نے بنگلادیشی بیٹنگ لائن کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا۔جنوبی افریقا کے اسپنر سائمن ہارمر نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے مزید چار وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے مشفق الرحیم، مہدی حسن میراز، حسن محمود اور عبادت حسین کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ہارمر نے دوسری اننگز میں مجموعی طور پر 6 وکٹیں حاصل کرکے بنگلادیش کی مزاحمت ختم کردی۔
جنوبی افریقا کی جانب سے کگیسو ربادا نے بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ مارکو جینسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔بنگلادیش کی اننگز 168 رنز پر ختم ہونے کے بعد جنوبی افریقا کو جیت کے لیے محض 12 رنز کا ہدف ملا، جسے میزبان ٹیم نے صرف 1.3 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا اور ٹیسٹ اپنے نام کرلیا۔اس کامیابی کے بعد جنوبی افریقا ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر پہنچ گیا۔