رواں سال،65ہزار اشتہاری گرفتار

 صوبہ بھر سے 26 ہزار 917 عدالتی مفروران بھی گرفتار ،آئی جی پنجاب  کی پولیس ٹیموں کو شاباش 
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس کا سنگین جرائم میں پولیس کو مطلوب اشتہاری مجرمان، عدالتی مفروروں کے خلاف کریک ڈاؤن تیزی سے جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق، رواں سال کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر سے 65 ہزار سے زائد اشتہاری مجرمان گرفتار کیے گئے۔ اے کیٹگری کے 22948، بی کیٹگری کے 42 ہزار سے زائد اشتہاری مجرمان شامل ہیں۔ اسی طرح صوبہ بھر سے 26 ہزار 917 عدالتی مفروران بھی گرفتار کیے گئے جن میں اے کیٹگری کے 6005، بی کیٹگری کے 20 ہزار 912 عدالتی مفرور شامل ہیں۔ پنجاب پولیس نے 13 ہزار 848 عادی مجرم بھی گرفتار کیے جن میں اے کیٹگری کے 5377 جبکہ  بی کیٹگری کے 8471 عادی مجرم شامل ہیں۔ صوبائی دارلحکومت لاہور میں 13733 اشتہاری مجرمان، 10689 عدالتی مفرور، 5345 عادی مجرم گرفتار کیے گئے۔آئی جی پنجاب نے اشتہاری مجرموں، عدالتی مفروروں کو گرفتار کرنے والی پولیس ٹیموں کو شاباش دیتے ہوئے ہدایت کی کہ صوبہ بھر میں اشتہاری مجرموں کی گرفتاری کیلئے کریک ڈاؤن مزید تیز کیا جائے جبکہ مدعیوں کے ساتھ قریبی رابطہ، موثر انفارمیشن شئیرنگ سے خطرناک مجرموں کو قانون کی گرفت میں لائیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ  آر پی اوز، ڈی پی اوز خطرناک اشتہاریوں کی گرفتاری کے آپریشنز کی خود نگرانی کریں۔