ویب ڈیسک: لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے ماہِ جون میں ریکوری اہداف کے حصول کے لیے صارفین کو دی جانے والی بلوں کی اقساط کی سہولت پر تاحکمِ ثانی پابندی عائد کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق، لیسکو نے اپنے تمام ریجنل دفاتر کو ہدایت جاری کی ہے کہ کرنٹ بل اور بقایا جات کی عدم ادائیگی کی صورت میں صارفین کے بجلی کے کنکشن فوری طور پر منقطع کر دیے جائیں۔ تمام گھریلو، کمرشل اور صنعتی صارفین کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ موجودہ ماہ کا بل ہر صورت مقررہ تاریخ تک ادا کریں۔لیسکو حکام نے مزید وضاحت کی ہے کہ:بجلی کے بلوں میں شامل بقایا جات کی مکمل وصولی کو بھی یقینی بنایا جائے۔اس سے قبل صارفین کو بقایاجات پر اقساط کی سہولت حاصل تھی، تاہم جون کے مہینے میں یہ سہولت ختم کر دی گئی ہے۔بل کی مقررہ تاریخ میں نیپرا قوانین کے تحت توسیع دی جا سکتی ہے، لیکن توسیع کے بعد بھی ادائیگی نہ کرنے پر بجلی منقطع کرنے کا عمل شروع کیا جائے گا۔لیسکو کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات رواں مالی سال کے اختتام سے قبل ریکوری اہداف کی تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں، اور صارفین کو بروقت ادائیگی کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی برقرار رکھی جا سکے۔