لیسکو میں بجلی کے بلوں کی پرنٹنگ سسٹم میں خرابی کی تحقیقات کا دوبارہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
لیسکو چیف محمد رمضان بٹ نے انکوائری کمیٹی کو تحقیقات دوبارہ کرنے کا حکم دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق، کمیٹی کی سربراہی چیف انجینئر آپریشنز ندیم ملک کریں گے، جبکہ ڈائریکٹر ایس اینڈ آئی ذوالفقار بلوچ اور چیف فنانشل آفیسر کو بھی کمیٹی کا ممبر مقرر کر دیا گیا ہے۔ کمیٹی کو تحقیقات مکمل کر کے جلد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
تحقیقات کے دوران فنانشل آڈٹ کرنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔ گزشتہ سال لیسکو کے پرنٹرز بند ہونے کے بعد نجی کمپنی سے ایمرجنسی بنیادوں پر بلوں کی پرنٹنگ کروائی گئی تھی، جس سے مالی نقصان کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔کمیٹی کی سفارشات کے مطابق ذمہ داروں کے خلاف مزید کارروائی کی جائے گی۔