ویب ڈیسک: ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق، ایران کے جنوب مغربی صوبے چہارمحل و بختیاری میں ایک اسرائیلی طیارے کو میزائل حملے میں نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد ایرانی حکام نے علاقے میں فوری کارروائیاں شروع کر دی ہیں اور تباہ شدہ طیارے کے پائلٹ کی تلاش کا عمل جاری ہے۔ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق، یہ واقعہ منگل کی صبح اُس وقت پیش آیا جب ایک مشتبہ اسرائیلی طیارہ ایرانی فضائی حدود میں داخل ہوا۔ ایران کی ایئر ڈیفنس فورس نے طیارے کو نشانہ بنایا جس کے بعد وہ چہارمحل و بختیاری کے ایک پہاڑی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا۔واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی اداروں اور ریسکیو ٹیموں کی بڑی تعداد موجود ہے جبکہ مقامی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ پائلٹ کی تلاش کے لیے ڈرونز اور ہیلی کاپٹرز کا استعمال بھی کیا جا رہا ہے۔
اسرائیل کی خاموشی:
اس واقعے کے بعد اسرائیلی حکام کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔ تاہم بین الاقوامی میڈیا میں اس پیش رفت کو ایران-اسرائیل کشیدگی میں نئی شدت سے تعبیر کیا جا رہا ہے۔
پس منظر:
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب خطے میں ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی اپنے عروج پر ہے اور دونوں ممالک کے درمیان براہ راست میزائل حملوں کا تبادلہ بھی جاری ہے۔ ایران کی جانب سے اسرائیل پر کئی مرتبہ بیلسٹک میزائل حملے کیے گئے جبکہ اسرائیل بھی ایران کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنا چکا ہے۔