نیٹو کے طیاروں نے لتھوانیا کی سرحد میں داخل ہونے والے ڈرون کو مار گرایا

نیٹو کے طیاروں نے لتھوانیا کی سرحد میں داخل ہونے والے ڈرون کو مار گرایا

لتھوانیا کی فضائی حدود میں داخل ہونے والے ایک ڈرون کو نیٹو کے لڑاکا طیاروں نے مار گرایا۔

لتھوانیا کے صدر گیتاناس نوسیدا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ فضائی حدود میں داخل ہونے والے ڈرون کو نیٹو کے جنگی طیاروں نے تباہ کردیا۔انہوں نے کہا کہ روس کی یوکرین کے خلاف جارحیت کے دوران خطے میں اس طرح کی تیاری ضروری ہے۔لتھوانیا کے قومی ریڈیو ایل آر ٹی کے مطابق نیشنل کرائسز مینجمنٹ سینٹر کے ابتدائی اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ ڈرون جنوبی لتھوانیا کے گاؤں پراتکونائی کے قریب مار گرایا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ڈرون پڑوسی ملک بیلاروس سے آیا تھا اور مغرب کی جانب بڑھ رہا تھا۔اس سے قبل دارالحکومت ولنیئس اور گردونواح میں ڈرون الرٹ بھی جاری کیا گیا تھا۔لتھوانیا کے وزیر خارجہ نے واقعے کو اتحادیوں کے اتحاد اور ردعمل میں عزم کی بہترین مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے واضح پیغام ملتا ہے کہ نیٹو چوکس، پرعزم اور کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔