اسرائیلی فوج کے شمالی غزہ میں حملے جاری، مزید 47فلسطینی شہید ،سیکڑوں زخمی

 پناہ گزین الشاطئی کیمپ اور سکول پر بھی بمباری ،لبنان میں حملوں میں 59افراد شہید ،182 زخمی ، عالمی ادارہ صحت کی اسرائیلی حملے کی مذمت 
تل ابیب میں ہزاروں اسرائیلی شہریوں کا وزیراعظم نیتن یاہو سے قیدیوں کی رہائی کے لیے جنگ بندی معاہدہ کرنے یا استعفیٰ دینے کا مطالبہ
غزہ؍بیروت؍تل ابیب(آئی این پی ) اسرائیلی فوج کے شمالی غزہ میں خونی حملوں میں مزید 47فلسطینی شہید ہوگئے، پناہ گزین الشاطئی کیمپ اور سکول پر بھی بمباری کی گئی جبکہ لبنان میں بھی اسرائیلی فوج کے فضائی حملوں میں 24 گھنٹوں میں 59 افراد شہید اور 182 زخمی ہوگئے،اسرائیلی فوج نے جنوبی بیروت کے تین علاقوں سے انخلا کے احکامات جاری کردئیے ۔ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطا بق غزہ میں ایک اور سکول اسرائیلی فوج کا ہدف بن گیا،صیہونی فوج نیغزہ سٹی میں پناہ گزینوں کے زیر استعمال سکول پربمباری کردی،حملے میں دس فلسطینی شہید ہوگئے،الشطی پناہ گزین کیمپ پر حملے میں خواتین اور بچے شہید اور 20 زخمی ہوگئے۔ادھر غزہ میں ایک دکان اور خان یونس میں ایک گھر پر حملے میں نو افراد شہید ہوئے، جبکہ جبالیہ کیمپ پر ڈرون حملے میں فلسطینی صحافی صالح الشریف شہید ہوگئے۔دوسری جانب مغربی کنا رے میں غیرقانونی یہودی آبادکاروں نے فلسطینی بستی پرحملہ کردیا، گاڑیوں اور دیگراملاک کو آگ لگادی۔24گھنٹے میں 47 شہادتیں ہوئیں۔اس کے علاوہ جنوبی غزہ اور خان یونس میں ایک ہفتے سے ایندھن کی قلت کا سامنا ہے جبکہ 12 لاکھ فلسطینی پانی سے بھی محروم ہیں اور کئی بنیادی سروسز معطل ہوگئی ہیں۔غزہ میں شہدا کی مجموعی تعداد 43 ہزار 800 ہوگئی، ایک لاکھ 3 ہزار 601 زخمی ہوچکے ہیں۔دوسری جانب لبنان میں بھی اسرائیلی فوج کے فضائی حملے جاری ہیں جس کے نتیجے میں 24 گھنٹوں میں 59 افراد شہید اور 182 زخمی ہوگئے۔  عالمی ادارہ صحت کے سربراہ کی جانب سے لبنان کے شہری دفاع کے مرکز پر اسرائیلی حملے کی مذمت کی گئی ہے جہاں حملے میں طبی عملے کے 12 کارکن شہید ہوئے تھے۔ ادھرتل ابیب میں ہزاروں اسرائیلی شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور نیتن یاہو سے قیدیوں کی رہائی کیلی یجنگ بندی معاہدہ کرنے یا استعفی دینے کا مطالبہ کیا ۔ دوسری جانب لبنان کے دارالحکومت بیروت پر بھی اسرائیل کی بمباری جاری ہے۔ اسرائیلی حملوں میں مزید 60 لبنانی شہری شہید اور 130 زخمی ہوگئے ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق لبنان کے گائوں لخرائبہ پر بمباری سے تین بچوں سمیت چھ لبنانی شہری شہید ہوگئے۔ بعلیبک کے علاقے پر حملے میں سات افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔