پاکستانی کرکٹر عماد وسیم کی اہلیہ نائلہ راجہ نے اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق ہونے والی تنقید پر خاموشی توڑتے ہوئے کہا ہے کہ اگر دو لوگوں کا ساتھ قسمت میں نہ لکھا ہو تو وہ ایک نہ ایک دن الگ ہو ہی جاتے ہیں، اس لیے ہر معاملے میں کسی ایک شخص کو قصوروار ٹھہرانا درست نہیں۔
نائلہ راجہ اس وقت عوامی توجہ کا مرکز بنی تھیں جب سوشل میڈیا پر ان کے اور قومی کرکٹر عماد وسیم کے تعلق سے متعلق مختلف قیاس آرائیاں سامنے آئیں۔ ابتدا میں دونوں نے ان خبروں کی تردید کی، تاہم بعد ازاں عماد وسیم نے اپنی پہلی اہلیہ سے علیحدگی اختیار کرنے کے بعد نائلہ راجہ سے شادی کر لی، جس کے بعد سے یہ جوڑی اکثر سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا کرتی رہی ہے۔نائلہ راجہ اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر وقتاً فوقتاً عماد وسیم کے ساتھ اپنی نجی زندگی کے مختلف لمحات مداحوں کے ساتھ شیئر کرتی رہتی ہیں، تاہم ان کی متعدد پوسٹس پر ناقدین کی جانب سے سخت تبصرے بھی کیے جاتے ہیں۔حال ہی میں ایک صارف نے ان کی ازدواجی زندگی سے متعلق تنقیدی تبصرہ کیا، جس پر جواب دیتے ہوئے نائلہ راجہ نے کہا کہ اگر دو افراد کا ایک ساتھ رہنا ان کی تقدیر میں نہ ہو تو وہ بالآخر جدا ہو جاتے ہیں، اس لیے کسی ایک شخص کو تمام صورتحال کا ذمہ دار قرار دینا درست نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کی شادی ان کی زندگی کا صرف ایک حصہ ہے، پوری زندگی نہیں، اور وہ اپنی شناخت کو صرف ازدواجی رشتے تک محدود نہیں سمجھتیں۔نائلہ راجہ کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی مختلف آراء سامنے آئیں۔ بعض افراد نے ان کے مؤقف سے اختلاف کرتے ہوئے تنقید کی، جبکہ کئی صارفین نے کہا کہ ہر شخص کو اپنی ذاتی زندگی اور فیصلوں کے بارے میں رائے دینے کا حق حاصل ہے۔کچھ صارفین نے طنزیہ تبصرے بھی کیے، جبکہ دیگر نے مؤقف اختیار کیا کہ ازدواجی معاملات پیچیدہ ہوتے ہیں اور کسی بھی رشتے کے خاتمے کی ذمہ داری صرف ایک فرد پر عائد کرنا مناسب نہیں۔