پی ڈی ایم اے کا ہائی الرٹ: گلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے اور سیلاب کے خدشات کا اظہار

پی ڈی ایم اے کا ہائی الرٹ: گلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے اور سیلاب کے خدشات کا اظہار

خیبرپختونخوا میں آئندہ ہفتے متوقع شدید موسمی صورتحال کے پیش نظر پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ہنگامی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق 19 سے 25 جولائی کے دوران صوبے کے بالائی اضلاع میں شدید بارشوں کا امکان ہے، جس کے باعث فلش فلڈ، لینڈ سلائیڈنگ اور گلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے (GLOF) جیسے خطرات پیدا ہو سکتے ہیں۔اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ مسلسل بارشوں اور درجہ حرارت میں اضافے کے باعث گلیشیئرز کے پگھلنے کا عمل تیز ہو سکتا ہے، جس سے دریاؤں، ندی نالوں اور آبی گزرگاہوں میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے کا خدشہ ہے۔پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ ہائی الرٹ رہیں، ریسکیو اور امدادی ٹیموں کو مکمل طور پر تیار رکھیں اور حساس مقامات پر ضروری انتظامات یقینی بنائیں۔ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے انخلا مراکز، مشینری اور امدادی سامان تیار رکھا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری کارروائی کی جا سکے۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان نے شہریوں، سیاحوں اور مسافروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارشوں کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے، خاص طور پر پہاڑی علاقوں، دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی ریلوں کے قریب جانے سے اجتناب کیا جائے۔اتھارٹی نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں تاکہ بروقت امدادی کارروائیاں شروع کی جا سکیں۔حکام کے مطابق موجودہ صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رکھا گیا ہے اور موسم کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔