سوشل میڈیا پر اسلحہ کی نمائش کرنے والا پکڑا گیا

لاہور (کرائم رپورٹر) ملت پارک پولیس نے سوشل میڈیا پر اسلحہ کی نمائش کرنے والے ملزم عبداللہ کو عارف چوک سے کارروائی کے دوران پستول سمیت گرفتار کر لیا۔ ایس پی اقبال ٹاؤن سدرہ خان کے مطابق ملزم نے پستول کے ساتھ اپنی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کر رکھی تھیں اور مختلف تصاویر میں اسے اسلحہ لہراتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے ایک پستول، گولیاں اور دو میگزین برآمد کرکے مقدمہ درج کر لیا اور مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا۔ ایس پی اقبال ٹاؤن نے کامیاب کارروائی پر ملت پارک پولیس کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر اسلحہ کی نمائش قانوناً جرم ہے اور ایسے افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔