پولیس نے دو رائفلیں، دو پستول، درجنوں گولیاں اور گاڑی تحویل میں لے لی
لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور کے پوش علاقے سی بی ڈی پنجاب کے قریب نصیر آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ناجائز اسلحہ رکھنے والے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان انتہائی تیز رفتاری سے کلمہ چوک سے سی بی ڈی کی جانب آ رہے تھے کہ ناکے پر موجود اہلکاروں نے مشکوک گاڑی کو روک لیا۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی کے مطابق ملزمان نے پولیس کو دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم انہیں قابو کر لیا گیا۔ تلاشی کے دوران ملزمان کے قبضے سے دو رائفلیں، دو پستول اور درجنوں گولیاں برآمد ہوئیں۔ گرفتار ملزمان کی شناخت عثمان، سفیان ولد لیاقت اور ابو سفیان ولد خالد حسین کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے ان کے زیر استعمال گاڑی بھی تحویل میں لے لی، جبکہ ایس پی ماڈل ٹاؤن نے کہا کہ ناجائز اسلحہ رکھنے اور اس کی نمائش کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔