سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کے بعد کارروائی، شبیر ، رمضان اور حمزہ حوالات بند
لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور میں شہری اور اس کے بھائیوں کو تشدد کا نشانہ بنانے اور گاڑی توڑنے میں ملوث تین ملزمان کو ہنجروال پولیس نے گرفتار کر لیا۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق گرفتار ملزمان میں شبیر قادری، رمضان عرف جانا اور حمزہ شامل ہیں۔ ملزمان نے سابقہ رنجش پر شہری اور اس کے بھائیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا، جبکہ واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر سامنے آئی تھی ملزمان پر خاتون خانہ کو ہراساں کرنے اور قانونی کارروائی سے باز رہنے کے لیے دھمکیاں دینے کا بھی الزام ہے۔ واقعے میں نامزد دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کے چھاپے جاری ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے کہا ہے کہ بدمعاشی اور غنڈہ گردی کے ذریعے کسی کو اپنی عدالت لگانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ قانون ہاتھ میں لینے اور شہریوں پر تشدد کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ گرفتار ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تفتیش میرٹ پر مکمل کی جائے گی۔