پی آئی سی میں بچے کے مبینہ اغوا کی کوشش ناکام، ملزمہ گرفتار

شادمان پولیس کی بروقت کارروائی، گیارہ ماہ کا بچہ محفوظ، مقدمہ درج 
لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور کے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) میں 11 ماہ کے بچے کو مبینہ طور پر اغوا کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ پولیس کے مطابق شادمان پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ طیبہ کو حراست میں لے لیا، جبکہ اس کی بہن جنت بھی اس کے ہمراہ موجود تھی۔ شبیر نامی شہری اپنی اہلیہ کے ساتھ چیک اپ کے لیے اسپتال آیا تھا، جہاں ملزمہ نے مبینہ طور پر بچے کی ریکی کرنے کے بعد بہانے سے اسے لے کر فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا۔ ایس ایچ او شادمان کے مطابق ملزمہ کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی مشکوک شخص یا سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس ہیلپ لائن 15 پر دیں۔