ملزمہ رابعہ نے لوگوں کو دکھانے کے لئے بچی کو اغوا کیا:ابتدائی تحقیقات
بچوں کے اغوا کے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں:ایس ایس پی محمد نوید
لاہور(آئی این پی )لاہو ر میںپولیس نے میو اسپتال سے اغوا ہونے والی بچی کو بحفاظت بازیاب کرکے خاتون ملزمہ کو گرفتار کرلیا۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے دو دن کی معصوم بچی کے اغوا کا فوری نوٹس لیا تھا جس کے بعد ایس پی انویسٹی گیشن سٹی کی سربراہی میں بچی کی بازیابی کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔انچارج انویسٹی گیشن اور ایس ایچ او تھانہ گوالمنڈی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے خاتون ملزمہ رابعہ کو گرفتار کر کے بچی کو بحفاظت بازیاب کروا لیا۔ ملزمہ چند روز قبل میو اسپتال کے بچہ وارڈ سے بچی کو اغوا کر کے لے گئی تھی۔ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ ملزمہ نے لوگوں کو دکھانے کے لئے بچی کو اغوا کیا۔ ملزمہ کی مدد سی سی ٹی وی کیمروں اور ہیومن انٹیلیجنس کے ذریعے حاصل کی گئی معلومات سے ہوئی۔ ایس پی فرحت عباس نے کہا کہ بچی کی بازیابی پر والدین نے پولیس ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور نیک تمناں کا اظہار کیا۔ایس ایس پی محمد نوید نے کہا کہ آپریشن اور انویسٹی گیشن پولیس کی مشترکہ ٹیموں کی محنت کا نتیجہ ہے، اور ملزمہ کو مضبوط چالان کے بعد قانونی کارروائی کے تحت سزا دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ معصوم بچوں کے اغوا کے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد کا اعلان بھی کیا۔