10 سالہ معذور بچے کے اغوا کی کوشش ناکام ، ملزمہ گرفتار

لاہور (کرائم رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویڑن خواتین اور بچوں کے لیے محفوظ پنجاب پر عملدرآمد کے تحت ڈولفن فرینڈلی پٹرولنگ یونٹ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گریٹر اقبال پارک سے 10 سالہ معذور بچے کے اغوا کی کوشش ناکام بنا دی اور ملزمہ کو گرفتار کر لیا۔ترجمان ڈولفن کے مطابق ڈولفن فرینڈلی پٹرولنگ یونٹ دورانِ پٹرولنگ موجود تھا کہ ایک خاتون نے بچے کے اغوا سے متعلق اطلاع دی۔ نامعلوم خاتون بچے کو کھیلنے کا جھانسہ دے کر فیملی سے الگ کر کے فرار ہو گئی تھی۔ متاثرہ بچہ موحد اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ گریٹر اقبال پارک سیر کے لیے آیا تھااطلاع ملتے ہی فرینڈلی پٹرولنگ یونٹ نے فوری ریسپانس دیتے ہوئے تلاش شروع کی اور بادشاہی مسجد کے ایگزیکٹو گیٹ کے قریب ملزمہ کو گرفتار کر کے 10 سالہ موحد کو بحفاظت بازیاب کرا لیا۔ ملزمہ بچے کو وہیل چیئر پر بٹھا کر پارک سے باہر لے گئی تھی۔بازیاب ہونے کے بعد بچے کو اس کی حقیقی والدہ کے حوالے کر دیا گیا۔ بچے کی والدہ نے بروقت کارروائی پر ڈولفن فرینڈلی پٹرولنگ یونٹ کا شکریہ ادا کیاابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار ملزمہ حادیہ ریکارڈ یافتہ ہے، جس کے خلاف سیالکوٹ میں اغوا اور جعلی پولیس افسر بننے کے دو مقدمات درج ہیں۔ انکشاف ہوا ہے کہ ملزمہ دو ماہ قبل اغوا کے ایک مقدمے میں سیالکوٹ جیل سے رہا ہو کر آئی تھی، جبکہ اس کے موبائل فون سے بھی متعدد مشکوک ویڈیوز برآمد ہوئی ہیں۔ملزمہ کے خلاف تھانہ لاری اڈہ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ایس پی ڈولفن اختر نواز نے کہا کہ فرینڈلی پٹرولنگ یونٹ کا بنیادی مقصد پارکوں، سیاحتی مقامات اور فیملی ایریاز میں آنے والی فیملیز اور بچوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کامیاب کارروائی پر پوری ٹیم کے لیے تعریفی اسناد اور کیش ریوارڈ دینے کا بھی اعلان کیا۔