پہلے زہریلی گولیاں ملا کرسالن 10 سالہ سبحان ،12 سالہ فرحان کو دیا، عارف کانزاعی بیان
عارف بیوی کے آشنا کیساتھ فرار ہونے پر دلبرداشتہ تھا،ایک بیٹا گھر موجود نہ ہونے پرزندہ بچ گیا:ذرائع
اوکاڑہ ،حجرہ شاہ مقیم(خصوصی رپورٹ)اوکاڑہ کے نواح میں گھریلو چپقلش پر مبینہ طور پر ایک شخص نے 2 بیٹوں کو زہر ملا کھانا کھلا کر خود بھی کھا لیا، تینوں باپ بیٹے جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق شوکت آباد موڑ رینالہ خورد کے رہائشی محمد عارف کی بیوی ایک روزقبل اپنے آشنا کے ساتھ فرار ہو گئی جس پر دلبرداشتہ ہو کر اس نے گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں سالن میں ملا کر پہلے اپنے 2 کمسن بیٹوں 10 سالہ سبحان علی اور 12 سالہ فرحان علی کوکھانا کھلایا اور پھر خود بھی زہر نگل لیا جس کے نتیجہ میں تینوں باپ بیٹوں کی حالت بگڑ گئی،اطلاع پر ریسکیو 1122 کی ٹیم نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر انہیں تشویشناک حالت کے پیش نظر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اوکاڑہ منتقل کیا جہاں تینوں دم توڑ گئے۔قبل ازیں دوران علاج محمد عارف نے ہسپتال میں پولیس کو دیئے گئے نزاعی بیان میں مبینہ طور پر گندم میں رکھنے والی زہریلی گولی خود کھانے اور بچوں کو سالن میں ملا کر دینے کا اعتراف کرلیا۔ ذرائع کے مطابق متوفی محمد عارف کاتیسرا بیٹا بڑا تھا اور گھر موجود نہ ہونے کی وجہ سے زندہ بچ گیا، پولیس واقعہ کی مزید تحقیق کر رہی ہے۔