باپ نے 7 بیٹوں کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کر لی

طرابلس ( نیٹ نیوز )لیبیا میں انتہائی دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے جس میں باپ نے اپنے سات بیٹوں کو قتل کرنے کے بعد خود کشی کر لی۔العربیہ کے مطابق گزشتہ دنوں بن غازی شہر کے علاقے الھواری میں ایک سکول کے سامنے سڑک کے کنارے ایک کار میں ایک باپ اور اس کے 7 بیٹوں کی لاشیں ملی تھیں، جس سے شہر بھر میں خوف وہراس پھیل گیا اور یہ واقعہ معمہ بن گیا۔تاہم آج بن غازی الکبریٰ کے ڈائریکٹر سکیورٹی نے میڈیا سے گفتگو میں اس بڑے واقعہ سے متعلق بتایا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق باپ نے پہلے اپنے ساتوں بیٹوں کو گولیاں مار کر قتل کیا اور پھر خود بھی خود کشی کر لی۔سکیورٹی ڈائریکٹر نے مزید بتایا کہ گزشتہ روز ڈائریکٹوریٹ کو سڑک کے کنارے ایک مشتبہ گاڑی کھڑی ہونے کی اطلاع ملی جب اہلکار پہنچے تو اس میں سات بچوں اور ایک تقریباً 50 سالہ شخص کی لاش تھی۔سکیورٹی اہلکار جب پہنچے تو درمیانی عمر کے شخص اور 6 نوعمر بچوں کی لاشیں کار کی سیٹوں پر جب کہ ایک بچے کی لاش گاڑی کی ڈگی میں موجود تھی اور ان سب کو گولیاں لگی ہوئی تھیں۔ لاشوں کی شناخت لیبیا کے شہری حسن الزوری کے نام سے ہوئی اور ساتوں اس کے بیٹے تھے۔ بچوں کی عمریں 5 سے 13 سال کے درمیان تھیں۔انہوں نے بتایا کہ جائے وقوعہ پر ابتدائی تحقیقات اور فرانزک شواہد سے یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ باپ نے ہی اپنے بیٹوں کو سر میں براہ راست فائرنگ کر کے قتل کیا۔ اس کے بعد اس نے اپنی زندگی کا خاتمہ بھی کر لیا۔ڈائریکٹر سکیورٹی کا کہنا تھا کہ حسن الزوری کی بیویوں اور خاندان کے دیگر افراد سے پوچھ گچھ ابھی جاری ہے۔ جس سے مزید انکشافات بھی متوقع ہیں