ایران کا بحرین میں امریکی ڈرون ڈپو اور اے آئی سینٹر تباہ کرنے کا دعویٰ

ایران کا بحرین میں امریکی ڈرون ڈپو اور اے آئی سینٹر تباہ کرنے کا دعویٰ

ایرانی پاسداران انقلاب (آئی آر جی سی) نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے بحرین میں واقع ایک امریکی ڈرون ڈپو اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ایک مرکز کو حملے میں تباہ کر دیا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق آئی آر جی سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بحرین میں موجود ایک اہم آرٹیفیشل انٹیلی جنس سینٹر کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس کے بارے میں ایران کا دعویٰ ہے کہ امریکا اسے ایران میں اہداف کی نشاندہی اور مبینہ جنگی کارروائیوں کے لیے استعمال کر رہا تھا۔ تاہم اس دعوے کی آزاد ذرائع یا امریکی حکام کی جانب سے تاحال تصدیق نہیں ہو سکی۔آئی آر جی سی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ خطے میں امریکی شیئر ہولڈرز رکھنے والی کمپنیوں کے صنعتی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت سے متعلق اہم اثاثے مستقبل میں بھی نشانہ بن سکتے ہیں، خواہ وہ کسی بھی ملک میں موجود ہوں۔ بیان میں یہ دھمکی بھی دی گئی کہ امریکی فوجی اڈوں کی میزبانی کرنے والے ممالک میں امریکی کمپنیوں کے اہم اثاثوں کو بھی ہدف بنایا جائے گا۔دوسری جانب ایرانی خبر رساں ایجنسی آئی ایس این اے نے رپورٹ کیا ہے کہ جنوبی ایران کے علاقے سیریک کے اطراف امریکی فوج نے حملے کیے ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ملک کے مختلف حصوں سے مزید دھماکوں کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔ تسنیم نیوز ایجنسی نے مرکزی صوبہ یزد کے شہر یزد میں پانچ دھماکوں کی خبر دی، جبکہ مہر نیوز ایجنسی کے مطابق جنوب مغربی صوبہ فارس کے علاقے لاس کے نواح میں بھی دھماکے کی آواز سنی گئی۔علاوہ ازیں مقامی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبہ خوزستان کے شہر اہواز پر بھی امریکی میزائل حملہ کیا گیا ہے۔اب تک امریکا کی جانب سے ان ایرانی دعوؤں پر باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ آزاد ذرائع سے بھی ان حملوں اور نقصانات کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ صورتحال کے باعث خطے میں کشیدگی بدستور برقرار ہے اور عالمی برادری حالات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔