فرخ امتیاز کھوکھر کی اپیل سماعت کے لئے منظور،فریقین کو نوٹسز جاری

راولپنڈی (آن لائن) ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس صداقت علی خان نے تھانہ صادق آباد کے مشہور ماجد ستی قتل کیس میں سزا پانے والے امتیاز علی عرف تاجی کھوکھر کے بیٹے و جمعیت علمائے اسلام کے رہنما فرخ امتیاز کھوکھر کی اپیل سماعت کے لئے منظور کرلی ہے اور فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ایک ہفتے میں جواب طلب کرلیا ہے فرخ کھوکھر نے اپنے وکیل ملک وحید انجم کے ذریعے ماتحت عدالت کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے اپیل دائر کی مقدمہ کے مدعی اور پراسیکیوشن کو فریق بناتے ہوئے دائر اپیل میں ماتحت عدالت کے فیصلے کو حقائق کے برعکس قرار دیتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عجلت میں جاری کیا گیا فیصلہ انصاف کا گلا گھونٹنے کے مترادف ہے اپیل میں کہا گیا ہے کہ پولیس نے اس کیس میں بوگس برآمدگی ڈالی جبکہ عدالت میں پیش کردہ شواہد بھی تضادات کا مجموعہ ہیں