دلجیت دوسانجھ اور ہانیہ عامر کی "سردار جی 3" نے پاکستان میں باکس آفس کے تمام ریکارڈ توڑ دیے

دلجیت دوسانجھ اور ہانیہ عامر کی

ویب ڈیسک: پنجابی بھارتی سپر اسٹار دلجیت دوسانجھ اور پاکستان کی معروف اداکارہ ہانیہ عامر کی مشترکہ فلم "سردار جی 3" نے پاکستانی سینماؤں میں غیرمعمولی کامیابی حاصل کرتے ہوئے باکس آفس پر تاریخ رقم کر دی ہے۔

فلم کو بھارت میں اگرچہ پابندی کا سامنا کرنا پڑا، تاہم بین الاقوامی سطح پر بالخصوص پاکستان میں فلم کو شاندار پذیرائی ملی اور یہ باکس آفس پر ریکارڈ توڑ کمائی کر رہی ہے۔

پاکستان میں زبردست آغاز
فلم نے ریلیز کے پہلے ہفتے میں ہی 21 کروڑ پاکستانی روپے (تقریباً 6.34 کروڑ بھارتی روپے) کا کاروبار کیا، جس نے ملک بھر کے سینماؤں میں اس کی مقبولیت ثابت کر دی۔

دوسرے اور تیسرے ہفتے میں بھی زبردست بزنس
دوسرے ہفتے میں فلم نے مزید 9.50 کروڑ روپے (تقریباً 2.86 کروڑ بھارتی روپے) کمائے۔
تیسرے ہفتے کے صرف ایک دن میں فلم نے 10 کروڑ روپے (یعنی 3.02 کروڑ بھارتی روپے) کا بزنس کیا۔
کل کمائی 40 کروڑ روپے سے تجاوز کر گئی
اب تک سردار جی 3 کی پاکستان سے مجموعی کمائی تقریباً 40.51 کروڑ پاکستانی روپے (تقریباً 12.23 کروڑ بھارتی روپے) تک پہنچ چکی ہے، جو کہ پاکستان میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی بھارتی فلم بننے کا اعزاز حاصل کر چکی ہے۔ اس فلم نے پہلے نمبر پر موجود "کیری آن جٹہ 3" کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

پاکستان میں پنجابی فلموں کی قانونی حیثیت
تجزیہ کاروں کے مطابق، بھارتی پنجابی فلمیں پاکستان میں اب بھی ریلیز کی جا سکتی ہیں، کیونکہ ان میں سے اکثر فلمیں کینیڈا یا برطانیہ میں رجسٹرڈ پروڈکشن کمپنیوں کے تحت بنتی ہیں، اس لیے ان پر پاکستان میں باضابطہ پابندی عائد نہیں ہوتی۔

60 کروڑ کا ہدف؟
تجارتی ماہرین کا اندازہ ہے کہ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو "سردار جی 3" کی پاکستان میں کل کمائی اگلے چند ہفتوں میں 60 کروڑ روپے تک پہنچ سکتی ہے، جو کہ ایک نئی مثال قائم کرے گی۔