ریسکیو 1122 کو پنجاب بھر میں ہائی الرٹ کر دیا گیا

لاہور (کرائم رپورٹر) یومِ علی ؓکے موقع پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر ریسکیو 1122 کو پنجاب بھر میں ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ریسکیور ہیڈکوارٹر لاہور میں سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر کی زیر صدارت جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ضلعی افسران نے میڈیکل کور اور جاری ریسکیو آپریشنز کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ترجمان ریسکیو کے مطابق یومِ علی اور معمول کے ریسکیو آپریشنز کے لیے صوبہ بھر میں 15 ہزار سے زائد ریسکیورز تعینات کیے گئے ہیں۔ڈاکٹر رضوان نصیر کے مطابق پنجاب بھر میں 896 ایمبولینسز، 2300 ریسکیو موٹر بائیکس اور 316 فائر و ریسکیو ایمرجنسی وہیکلز ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں 1350 سے زائد ریسکیورز تعینات کیے گئے ہیں جبکہ 58 ایمرجنسی ایمبولینسز، 300 ریسکیو موٹر بائیکس اور 44 فائر و ریسکیو و اسپیشلائزڈ ایمرجنسی وہیکلز بھی الرٹ ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب بھر میں 800 سے زائد اہم مقامات پر اضافی ریسکیو پوسٹیں قائم کی گئی ہیں جبکہ جلوسوں اور مجالس کے قریب ریسکیورز میڈیکل کٹس کے ہمراہ موجود ہیں۔ڈاکٹر رضوان نصیر کے مطابق پراونشل مانیٹرنگ سیل تمام ریسکیو آپریشنز کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے جبکہ ضلعی افسران اپنے اپنے اضلاع میں آپریشنز کی کمانڈ اور مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ یومِ علی کے انتظامات کے ساتھ ساتھ معمول کے ریسکیو آپریشنز بھی جاری ہیں اور ریسکیو گاڑیوں کی بروقت رسائی کے لیے متبادل راستے استعمال کیے جا رہے ہیں۔ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ فوری ریسکیو سروسز کی فراہمی ترجیحِ اول ہے اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں شہری فوری طور پر ریسکیو ہیلپ لائن 1122 پر رابطہ کریں۔